حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان اور بڈیز سائیکل کلب کے زیر اہتمام لاہور میں یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سخت ترین سردی اور دھند کے باوجود شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی میں بچوں اور نوجوانوں سمیت خواتین بھی شریک تھیں۔یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کی قیادت فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم اور بڈیز سائیکل کلب کے تنویر خان اور سارہ حبیب نے کی۔ یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی میں سیکڑوں سائیکل سواروں نے شرکت کی ۔
یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی میں جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما لیاقت بلوچ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما مولانا ظہیر کربلائی، جماعت اسلامی لاہور کے رہنمااحمد سلمان سمیت سول سوسائٹی سے سارہ حبیب رانا کاظم، ارشاد ناصر اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے ترجمان عثمان محی الدین شریک ہوئے۔
ریلی کا آغاز لبرٹی چوک سے ہوا اور شہر کے مختلف علاقوں سے ہو کر اختتام پذیر ہوئی ۔یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کے شرکاء نے سائیکلوں پر فلسطینی پرچم لگا رکھے تھے اور غزہ میں بچوں کا قتل عام بند کرو کے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ شرکاء نے اسرائیل نامنظور اور قائد اعظم کے فلسطین سے متعلق فرامین کے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔
شرکائے ریلی نے فلسطین میں جاری صیہونی جارحیت کی شدید مذمت کی اور فی الفور اسرائیلی جارحیت بند کرنے کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کے ساتھ ہیں اور غزہ میں جاری جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں دو ریاستی حل کی بات کرنے والے ملک دشمن اور فلسطین دشمن عناصر ہیں عوام ایسے ملک دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔ ریلی میں امریکہ مردہ باد اور اسرائیل نامنظورسمیت آزادی فلسطین کے نعرے بھی لگائے گئے۔